Ali Arman's Official Website » اردو شاعری --- Urdu Poetry, اردو غزلیں --- Urdu Ghazals » قراتِ تیرگی کرنے لگیں قندیلیں بھی
قراتِ تیرگی کرنے لگیں قندیلیں بھی
قراتِ تیرگی کرنے لگیں قندیلیں بھی
دیکھتی رہ گئیں منہ رات کی تاویلیں بھی
ابرھہ اب ترے لشکر کو کوئی خوف نہیں
سنگ کعبے پہ گراتی ہیں ابابیلیں بھی
قتل کرنے لگے قرآن اٹھا کر وہ مجھے
میری تصلیب میں شامل ہوئیں انجیلیں بھی
قصہ ءنور کے حیرت بھرے افسانے میں
آگ اور خون سے لکھی ہوئی تمثیلیں بھی
تیرا دعوٰی بھی غلط فہمی پہ مبنی ہے میاں
میری خوش فہمیاں نکلیں مری تکمیلیں بھی
روشنی اچھی ہے آنکھوں کی اسے دل میں بھی لا
دیکھ اس حجرہ ءتاریک کی تفصیلیں بھی
جس کو دعوٰی تھا بہت عشق میں غم کھانے کا
بھر گئیں اس دل عیار کی زنبیلیں بھی
Filed under: اردو شاعری --- Urdu Poetry, اردو غزلیں --- Urdu Ghazals










